• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فاروق ستار استعفیٰ دیں میں بھی دیتا ہوں، پھر الیکشن لڑلیں، شرجیل

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ فاروق ستار استعفی دیں میں بھی دیتا ہوں، پھر الیکشن لڑیں ، حافظ نعیم اور انکی جماعت نے ہمیشہ منفی سیاست کی،ان کی بات کو ایک کان سے سن کر دوسرے کان سے نکال دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کابینہ کا سانحہ گل پلازہ کے بعد پہلا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سینئر وزیر، وزیر قانون، صوبائی وزیر برائے بلدیات اور وزیر محنت و افرادی قوت پر مشتمل ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں فیصلے اور کارروائیاں کرے گی،شرجیل میمن نے بتایا کہ کابینہ نے سانحے کے بعد حکومت سندھ کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور نقصان کے ازالے سے متعلق فیصلوں کی منظوری دی ہے۔سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جان کی کوئی قیمت نہیں ہوتی اور کوئی معاوضہ جان واپس نہیں لا سکتا، تاہم حکومت سندھ نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لئے فی کس ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ حکومت سندھ روزِ اول سے تاجروں کے ساتھ کھڑی ہے۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فائر آڈٹ کے ساتھ ساتھ عمارات میں آتشزدگی سے بچاؤ کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک مؤثر میکنزم بنایا جا رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید