اسلام آباد(طاہر خلیل،رانا غلام قادر،ناصر چشتی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری انتقال کر گئے۔تفصیلات کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چودھری طویل علالت کے بعد اسلام آباد میں انتقا ل کر گئے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی عمر 71 برس تھی۔بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی نماز جنازہ آج اتوار کو ادا کی جائے گی۔ان کی نماز جنازہ سہ پہر 3 بجے آبائی گاؤں چیچیاں، میرپور میں ہوگی۔صدر آصف زرداری،وزیرِ اعظم شہباز شریف ،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ، اسپیکر ایاز صادق، خورشید احمد شاہ و دیگر کا اظہار افسوس ،بیرسٹر سلطان محمود چودھری 9اگست 1955ء کو چیچیاں میرپور ازاد کشمیر میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی گاؤں چیچیا ں میر پور میں حاصل کی جبکہ میٹرک کینٹ پبلک سکول راولپنڈی سے کیا جبکہ گریجویشن گورڈن کالج راولپنڈی سے کیا ۔بعدازاں وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ چلے گئے جہاں سے انہوں نے معروف قانونی درسگاہ لنکنن ان سے قانون کی اعلی ڈگری بار ایٹ لا کیا ۔جبکہ 1983ء میں وہ برطانیہ سے واپس وطن واپس آئے اور عملی سیاست کا آغاز کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری سابق صدر آزاد کشمیر کے ایچ خورشید کے ہمراہ آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر رہے جبکہ 1990ء میں وہ صدر کے عہدے کے لیے منتخب ہوئے تاہم عمر میں ایک ماہ کی کمی کے باعث وہ اس وقت صدر منتخب نہ ہو سکے جبکہ بعد ازاں 1996ء میں وہ آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوئے ۔اسی طرح 2001 میں وہ آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر فائز رہے ۔