• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورنگی میں چوکیدار کو یرغمال بنا کر جیولرز شاپس میں ڈکیتی کی واردات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورنگی کے ایریا مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان چوکیدار کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنانے کے بعد چار جیولرز شاپ کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کے طلائی وچاندی کی زیورات ، نقد رقم اور بعض دکانوں میں رکھی تجوری بھی لے اڑے،واردات کی اطلاع پر دکاندار موقع پر پہنچے اور پولیس کو اطلاع دی،دکانداروں کے مطابق ڈکیتی کی واردات عبد الرزاق جیولرز، رحیم داد خان ، مقصود علی جیولرز اور آفتاب جیولرز میں کی گئی، ملوث ملزمان دو موٹر سائیکلوں اور ایک وین میں سوار ہوکر آئے تھے جن کی تعداد 8 کے قریب تھی ،مسلح ملزمان نے نماز فجر کے بعد مارکیٹ کے چوکیدار کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنانے کے بعد واردات کی،جیولری شاپ کے مالک عبدالرزاق نے بتایاکہ کئی زیوارات شہریوں کے تھے جو امانت کے طور پر رکھے ہوئے تھے،نامعلوم ملزمان دکان میں رکھی تجوری بھی ساتھ لے گئے، متاثرہ جیولر محمد شکیل کا کہنا تھا کہ ان کی دکان سے بھی بھاری مالیت کے طلائی زیورات اور دکان سے تجوری توڑ کر نقد رقم لوٹی گئی جبکہ دیگر دکانوں سے بھی بھاری مالیت کا سونا لوٹا گیا ہے، پولیس کو واردات کی اطلاع چوکیدار کی جانب سے دی گئی، جیولرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار حاجی شہزاد کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے،پولیس کے مطابق کرائم سین یونٹ نے موقع سے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں اور اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج ، مارکیٹ کے چوکیدار سے بھی ملزمان سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید