کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت ، آغا خان یونیورسٹی اور ٹنڈو محمد خان ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے مابین ضلع ٹنڈو محمد خان میں اسکول آف نرسنگ قائم کرنے کے لئے آج مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔ اس مقصد کے لئے تقریب جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کراچی کے آڈیٹوریم میں آج دوپہر منعقد ہوئی۔ معاہدے کی رو سے سندھ حکومت ضلع ٹنڈو محمد خان میں اسکول آف نرسنگ قائم کرنے کیلئے زمین اور مالیاتی وسائل فراہم کرے گی جبکہ آغا خان یونیورسٹی ، اِس اسکول آف نرسنگ کو چلانے کے لئے تعلیمی و تیکنیکی معاونت مہیا کرے گی۔ نرسنگ اسکول میں داخلے کے لئے خاتون اُمیدواروں کو فوقیت دی جائے گی ۔