کراچی( سید محمد عسکری) وزیر اعظم شہباز شریف نے قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد کو چیئرمین ہائر ایجوکیشن مقرر کرنے کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے۔سات ماہ کی تاخیر سے چیئرمین کی تقرری کاعمل مکمل اور ایڈہاک ازم کاخاتمہ ہوسکا۔ وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول کی سربراہی میں قائم تلاش کمیٹی نے میرٹ پر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، ڈاکٹر محمد علی شاہ اور ڈاکٹر نیاز احمد کے نام ڈیڑھ ماہ قبل وزیر اعظم کو بھیجے تھے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نےگزشتہ روز قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد کے نام کی بطور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن منظوری دیدی ہے۔ اس طرح 7 ماہ بعدچیئرمین کی تقرری کا عمل مکمل ہوا اور کمیشن سے ایڈہاک ازم کا خاتمہ ہوا۔ ڈاکٹر نیاز احمد کی تقرری کا نوٹفکیشن بدھ 4 فروری کو جاری ہوگا۔ ڈاکٹر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد 1962ء میں ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے ۔وہ پاکستانی تعلیمی میدان کے ایک ممتاز رہنما اور محقق ہیں، جو 2018ء میں پنجاب یونیورسٹی کے پہلے مستقل وائس چانسلر مقرر ہوئے۔