• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہم دارالحکومتوں میں 24 نئے سفیروں، ہائی کمشنرز و قونصل جنرلز کی تقرری

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) اہم دارالحکومتوں میں 24 نئے سفیروں، ہائی کمشنرزقونصل جنرلز کی تقرری، سعودی، برطانیہ، ایران، افغانستان، جرمنی، تھائی لینڈ، اقوامِ متحدہ کیلئے سفارتی نمائندے مقرر، وزیراعظم کی منظوری، پاکستان میں بڑے پیمانے پر سفارتی رد و بدل کے تحت برطانیہ (لندن)، سعودی عرب، ایران، جرمنی، افغانستان، اقوامِ متحدہ (جنیوا ہیڈکوارٹرز)، تھائی لینڈ، ناروے، تنزانیہ اور یوگنڈا کے لیے نئے سفیروں/ہائی کمشنرز کے علاوہ آٹھ نئے قونصل جنرلز تعینات کیے گئے ہیں۔ یہ سفارتی نمائندے میزبان ممالک کی جانب سے ایگریمان (میزبان ملک کی رضامندی) موصول ہونے کے بعد اپنی نئی تعیناتیوں پر روانہ ہوں گے۔ باخبر سفارتی ذرائع نے جمعہ کی شام دی نیوز/جنگ کو بتایا کہ چیف آف پروٹوکول، ریاستِ پاکستان کیپٹن (ر) محمد عثمان ٹیپو کو برطانیہ کے لیے ہائی کمشنر نامزد کیا گیا ہے۔ وہ ڈاکٹر محمد فیصل چوہدری کی جگہ لیں گے، جو رواں برس اگست میں ہیڈکوارٹرز واپس آ رہے ہیں۔ ڈاکٹر فیصل اس سے قبل جرمنی میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں اور اس سے پہلے وزارتِ خارجہ کے ترجمان بھی رہے۔ ذرائع کے مطابق وہ ستمبر میں خالی ہونے والے عہدۂ سیکرٹری خارجہ کے ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں، کیونکہ موجودہ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ ستمبر میں ریٹائر ہو رہی ہیں۔ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق کی جگہ بلال احمد کو مقرر کیا جا رہا ہے، جو اس وقت اقوامِ متحدہ (جنیوا ہیڈکوارٹرز) میں پاکستان کے مستقل نمائندے ہیں۔ احمد فاروق ہیڈکوارٹرز اسلام آباد رپورٹ کریں گے۔ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو کو ازبکستان کے لیے نامزد کیا گیا ہے، جہاں سے اے۔ فاروق اسلام آباد واپس آ رہے ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر سید اسد علی گیلانی افغانستان (کابل) میں عبید الرحمٰن نظامانی کی جگہ سفیر مقرر ہوں گے، جبکہ نظامانی سویڈن میں پاکستان کے سفیر ہوں گے اور وہاں بلال حئی کی جگہ لیں گے۔ وزیراعظم ہاؤس میں وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل سلمان شریف کو جرمنی کا سفیر مقرر کیا گیا ہے، جہاں وہ سیدہ ثقلین کی جگہ لیں گے، جو ہیڈکوارٹرز واپس آ رہی ہیں۔ تھائی لینڈ میں پاکستان کی سفیر محترمہ رخسانہ افضل کی جگہ سعدیہ افضل قاضی کو مقرر کیا گیا ہے۔ سعدیہ افضل قاضی اس وقت ناروے میں پاکستان کی سفیر ہیں۔ اسلحہ بندی کے ایڈیشنل سیکرٹری اور وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی کو اقوامِ متحدہ (جنیوا ہیڈکوارٹرز) میں پاکستان کا مستقل نمائندہ تعینات کیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل بھی جنیوا میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ عاصم علی خان کو ناروے کا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ اس وقت لاس اینجلس میں قونصل جنرل ہیں۔ تنزانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سراج احمد خان کو لاس اینجلس کا قونصل جنرل بنایا گیا ہے۔ اسد شہزاد کو یوگنڈا میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا گیا ہے، جہاں وہ محمد حسن وزیر کی جگہ لیں گے۔ افریقہ ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل محمد فیصل عبرو کو کینیڈا کے شہر مونٹریال میں قونصل جنرل نامزد کیا گیا ہے، جہاں وہ اشتیاق احمد عاقل کی جگہ لیں گے۔ مجموعی طور پر وزیراعظم شہباز شریف نے 24 نئی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دی ہے۔ مزید یہ کہ ایک اور اہم فیصلے کے تحت چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، اٹلی میں سفیر علی جاوید اور یونان میں سفیر محمد عامر آفتاب قریشی کو مدتِ تعیناتی مکمل ہونے کے باوجود، بغیر کسی مدت کے تعین کے، اپنے اپنے عہدوں پر توسیع دے دی گئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید