کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے اپنےبیان میں کہا ہے کہ8 فروری کو جی ڈی اے میں شریک جماعتیں پرامن احتجاجی مظاہرے کرینگی۔فارم 47 کے ذریعے من پسند امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا، جسے ہم کسی صورت قبول نہیں کرتے۔ تفصیلات کے مطابق سردار عبدالرحیم نے کہا کہ سندھ بھر میں 8 فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات مکمل طور پر بوگس، جعلی اور بدترین دھاندلی کا مظہر تھے۔ انتخابات کے نتائج فارم 47 کے ذریعے تبدیل کر کے من پسند امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا، جسے ہم کسی بھی صورت قبول نہیں کرتے۔سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ ان جعلی انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آنے والی اسمبلیاں عوام کی نمائندہ نہیں ہیں، بلکہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر بنائی گئی ہیں۔ ایسی اسمبلیوں سے عوامی مسائل کے حل کے بجائے صرف عوام دشمن فیصلے سامنے آ رہے ہیں، اسی لیے جی ڈی اے اور مسلم لیگ فنکشنل نے ان اسمبلیوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیر صاحب کی صدارت میں جی ڈی اے کی کور کمیٹی نے 8 فروری کو سندھ بھر میں یومِ سیاہ منانے کا فیصلہ کیا تھا۔