اسلام آباد (صالح ظافر) وزارت خارجہ میں اگلی سہ ماہی میں پانچ نئے ایڈیشنل فارن سیکرٹریز تعینات کیے جائیں گے۔ ایڈیشنل فارن سیکرٹری عمران احمد صدیقی کو ایران کے لیے سفیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر سفارت کار اور ایشیا پیسیفک ریجن کے لیے ایڈیشنل فارن سیکرٹری عمران احمد صدیقی کو ایران کے لیے پاکستان کا سفیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ محمد مدثر ٹیپو کی جگہ لیں گے، جنہیں پہلے ہی تاشقند تفویض کیا جا چکا ہے جہاں وہ ازبکستان کے لیے سفیر ہوں گے۔ دونوں سفیر میزبان دارالحکومتوں سے اپنے ’ایگری مانٹ‘ (تعیناتی کی رضامندی) کی وصولی کے فوراً بعد اپنی نئی تعیناتیوں پر روانہ ہو جائیں گے۔ اعلیٰ سطح کے سفارتی ذرائع نے گزشتہ روزجنگ کو بتایا کہ دفتر خارجہ میں اگلی سہ ماہی میں ہیڈ کوارٹر کے اندر بڑے پیمانے پر ردّو بدل ہونے والا ہے۔ اس بات کا امکان ہے کہ اس دوران پانچ نئے ایڈیشنل فارن سیکرٹریز اپنی جگہ سنبھال لیں گے کیونکہ سینئر سفراء اور ہائی کمشنرز ہیڈ کوارٹر واپس آرہے ہیں۔ نئے ایڈیشنل فارن سیکرٹریز کی تعیناتیوں کے عمل کے ساتھ ہی نئے فارن سیکرٹری (سیکرٹری خارجہ) کی تلاش بھی شروع ہو جائے گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اسی دوران، ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورسز اور کیریئر پلاننگ ڈویژن علی انصار زیدی لاس اینجلس میں قونصل جنرل کے طور پر جا رہے ہیں، وہ محمد عاصم خان کی جگہ لیں گے جو ناروے میں سفیر ہوں گے۔