اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان تحریک انصاف کے اسیر بانی کے دو صاحبزادے، قاسم خان اور سلیمان خان، لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے ویزا حاصل نہ کر سکے۔ رپورٹ کے مطابق ان کی درخواستوں میں کچھ تکنیکی خامیوں کی وجہ سے ویزا جاری نہیں کیا گیا۔ انہوں نے گزشتہ ماہ ویزا کے لیے درخواست دی تھی۔ لندن سے سفارتی ذرائع نے ’دی نیوز‘ کو بتایا کہ ویزا درخواستیں ابھی تک اسلام آباد میں وزارتِ داخلہ کے متعلقہ سیکشن میں زیر التوا ہیں۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ درخواست گزاروں نے مطلوبہ معلومات کی فراہمی میں دلچسپی نہیں لی، حالانکہ ان سے درخواستوں میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے کہا گیا تھا، جس پر انہوں نے عمل درآمد نہیں کیا۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ دونوں برطانوی پاسپورٹ ہولڈرز (قاسم اور سلیمان) نے اپنی جائے پیدائش لندن ظاہر کی ہے، جبکہ درخواستوں میں پاکستان کے ساتھ کسی قسم کا تعلق ظاہر نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مقررہ فارمز میں اپنی سفری تاریخ بھی درست طور پر فراہم نہیں کی۔