کراچی (اسٹاف رپورٹر)مشرف کالونی میں لڑکی کی گم شدگی کے تنازع پر مسلح ملزم نے گھر کے اندر گھس کر فائرنگ کرکے میاں بیوی اور بیٹے کو قتل اور ایک خاتون کو زخمی کر دیا ، مقتول عابد کو شبہ تھا کہ اسکی جوان بیٹی جو ایک روز سے لاپتا تھی اسے اسکا ہم زلف دانش لے گیا ہے، بات چیت کے بعد ملزم دانش رات کو گھر چلاگیا ، صبح مقتول عابد علی کے گھر پہنچا اور فائرنگ کر کے فرار ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق سعید آباد تھانے کی حدود مشرف کالونی کے عقب میں واقع بسم اللہ ٹاؤن میں واقع گھر کے اندر جمعہ کی صبح مسلح ملزم نے گھر کے اندر فائرنگ کرکے 60 سالہ عابد علی ولد علی زمان،50سالہ مریم زوجہ عابد علی اور 20سالہ زوہیب ولد عابد علی کو قتل اور 35 سالہ فاطمہ زوجہ قدیر کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گیا ،علاقہ مکینوں کے مطابق فائرنگ کی آواز پر وہ دیوار کود کر گھر میں داخل ہوئے ، لاشوں اور زخمی خاتون کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ، عابد علی کے دونوں ہم زلف دانش اور قدیر اپنی بیویوں کے ہمراہ گزشتہ شب عابد علی کے گھر بات چیت کرنے آئے ہوئے تھے ،رات گئے تک عابد علی کے گھر میں موجود رہنے کے بعد ہم زلف دانش اپنی بیوی کے ساتھ اور دوسرا ہم زلف قدیر اپنے اپنے گھر چلے گئے تھے، قدیر کی بیوی فاطہ اپنی مقتولہ بہن کے گھر ہی رک گئی تھی ،پولیس نے بتایا کہ اب تک کی معلومات کے مطابق جمعہ کی صبح ساڑھے 6 بجے کے قریب ہم زلف دانش دوبارہ اپنی موٹر سائیکل پر مقتول عابد علی کے گھر پہنچا اور فائرنگ کرکے موقع سے فرار ہوگیا، واقعہ میں شدید زخمی فاطمہ نے بتایا ہے کہ مقتول عابد کی بیٹی دانش کے پاس ہے، بیٹی کے معاملے پر عابد اور دانش کے درمیان تنازع تھا۔