اسلام آباد(جنگ نیوز )اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کشمیر کی عوام سمجھتی ہے کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ ملک کی تعمیر و ترقی میں مسلم لیگ (ن) نے ہر میدان میں عملی کردار ادا کیا ہے ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا سہرا مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کے سر ہے آزاد کشمیر میں آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) واضح اکثریت سے حکومت بنائے گی۔ اس موقع پر سردار تبارک علی نے مسلم لیگ (ن) میں ورکرز سمیت شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف ،وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت پر انہیں مکمل اعتماد ہے۔مسلم لیگ نون ازاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور دیگر مقررین نے کہا کہ سردار تبارک علی کی اپنے ورکرز کے ہمراہ مسلم لیگ نون میں شمولیت سے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ نون مزید مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ آزاد کشمیر میں بھرپور ترقیاتی کام کرواےاور عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں۔