کراچی(عبدالماجد بھٹی)ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا بھارت کو شکست دینے کا خواب چکنا چور ہوگیا، پاکستانی ٹیم نے میچ خود بھارت کے حوالے کردیا، بیٹنگ ایک بار پھر دھوکا دے گئی، انڈیا نے پاکستان کو61رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں تیسری کامیابی حاصل کی اور سپر ایٹ کے لئے کوالیفائی کر لیا، ایشان کشن نے 40گیندوں پر 77رنز بنائے،وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے،یکطرفہ میچ میں 176رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 18اوورز میں114رنز بناکر آوٹ ہوگئی،عثمان خان نے سب سے زیادہ 44رنز34گیندوں پر بنائے جس میں ایک چھکا اور چھ چوکے شامل تھے،پاکستان کو سپر ایٹ میں جانے کیلئے بدھ کو نمیبیا کو شکست دینا لازمی ہوگی،پاکستان نے ٹاس جیت پر پہلے باولنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت کو 175رنز تک محدود رکھا، صائم ایوب نے 3، عثمان طارق اور کپتان سلمان آغا نےایک ایک وکٹ لی، شاہین آفریدی سب سے مہنگے باولرثابت ہوئے ، انہوں نے دو اوورز میں 31رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں ایک ساتھ 6اسپننرز کھلانےوالی پہلی ٹیم بن گئی ،انڈیا کو 200رنز کے اندر اندر آوٹ کرنے کی خوشی کا مزہ اس وقت کرکرا ہوگیا جب قومی ٹیم کے ابتدائی 3کھلاڑی 13رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ ہدف کے آغاز میں ابتداء ہی سے پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار رہی، اوپنرصاحبزادہ فرحان کھاتہ نہ کھول سکے ، پاکستان کے ٹاپ فور بیٹر بابر اعظم،سلمان آغا،صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے جس کے بعد پاکستان کی جیت کی امیدوں کے چراغ گل ہوگئے۔چاروں نے مجموعی طور پر 15رنز بنائے۔بھارت نے پاکستان کے خلاف اس فارمیٹ میں مسلسل آٹھواں میچ جیتا جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے8میں سے سات میچ بھارت نے اور ایک پاکستان نے جیتا ہے۔اتوار کی شب کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں محمد نواز چار رنز بناسکے۔ شاداب خان 17گیندوں پر14رنز بناکر تلک ورما کا شکار بنے۔فہیم اشرف نے دس رنز بنائے۔شاہین آفریدی 19گیندوں پر23رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں ہوا۔صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائےپانڈیا کی گیند پر کیچ ہوئے۔دوسرے اوپنر صائم ایوب کو چھ رنز پر بھمرا نے ایل بی ڈبلیو کردیا۔کپتان سلمان آغا چار رنز بناکر بھمرا کا شکار بنے۔اس موقع پر عثمان خان نے شاٹس کھیلےمگر پریشر کم کرنے کی کوشش کی لیکن بابر اعظم بھی بری طرح ناکام ہوگئے۔وہ اکشر پٹیل کی گیند پر بولڈ ہوگئے پاکستان کے صف اول کے بیٹسمین سات گیندوں پر پانچ رنز بناسکے۔پاور پلے کے چھ اوورز میں پاکستان کا اسکور چار وکٹ پر38رنز تھا۔دس اوورزمیں اسکور چار وکٹ پر71رنز تھا۔ہاردک پانڈیا ،جسپرت بھمرا،اکشر پٹیل اور ورون چکرورتی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ دی۔بھارت نے مقررہ 20اوورز میں سات وکٹ پر175رنز بنائے۔اوپنر ایشان کشن نے برق رفتار اننگز کھیل کر پاکستانی بولروں کو بے بس کردیا۔کپتان سلمان علی آغا نے پہلے ہی اوور میں نے ابھیشیک شرما کی اہم وکٹ حاصل کی لیکن پھر ایشان کشن نے بازی پلٹ دی انہوں نے40گیندوں پر77رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اوردس چوکے شامل تھے۔15 ویں اوور میں 126 کے مجموعی اسکور پر تلک ورما صائم ایوب کی گیند پر 24 گیندوں پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اگلی ہی گیند پر ہاردک پانڈیا بغیر کوئی رن بنائے صائم ایوب کا شکار بن گئے۔ وہ ہیٹ ٹرک کے قریب آئے اور ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام نہیں دے سکے۔پاکستان کے خلاف بھارت کی پانچویں وکٹ 159 رنز کے مجموعی ا سکور پر گر گئی۔ سوریا کمار یادیو 29 گیندوں پر 32 رنز بنا کر عثمان طارق کی گیند پر آؤٹ ہوئےانہوں نے تین چوکے مارے۔ ان کے علاوہ دوبے نے17گیندوں پر 27 جب کہ اکشر پٹیل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ہاردک پانڈیا بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔رنکو سنگھ ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سےچار گیندوں پرگیارہ رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے25رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔عثمان طارق کا میچ سے پہلے بڑا چرچہ رہا انہوں نے چار اوورز میں24رنز کے عوض ایک وکٹ لی۔محمد نواز نے چار اوورز میں28رنز بنے۔سلمان آغا نے دو اوورز میں دس رنز دے کر ایک وکٹ لی۔شاہین آفریدی ایک بار پھر مہنگے بولر ثابت ہوئےانہوں نے دو اوورز میں31رنز کے عوض ایک وکٹ لی۔شاداب خان نے ایک اوور میں17رنز دیئے۔ابرار احمد کے تین اوورز میں38رنز بنے۔