کراچی (ٹی وی رپورٹ) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی اُمور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم میثاق استحکام پاکستان کی آفر کرچکے،ہماری طرف سے ڈیل کی پیشکش واضح اور اوپن ہے۔ جبکہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان نے تجزیہ میں کہا کہ بھی تک ایئر پنجاب کا وجود کاغذوں پر ہے اور انیس سیٹوں کا لگژری طیارہ لاہور میں کھڑاہے اور اس میں وزیراعلیٰ سفر کر رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ عظمیٰ بخاری کو ہم دو دن سے پروگرام میں دعوت دے رہے ہیں مگر وہ نہیں آرہی ہیں ہم نے انہیں سات سوالات بھیجے ان سوالوں کا جواب بھی نہیں دیا گیا۔ابھی تک ایئر پنجاب کا وجود کاغذوں پر ہے ۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم برائے سیاسی اُمور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میرا پورا بیان دیکھیں تو میں نے کہا ہے کہ بانی سے نہ کوئی ڈیل ہوئی ہے نہ ہوگی۔ اسٹیبلشمنٹ نے بانی پی ٹی آئی کو کبھی ڈیل آفر نہیں کی۔