اسلام آباد(صالح ظافر) پاکستان اور سعودی عرب اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اسٹریٹجک اقتصادی معاہدے پر دستخط کرنے کے قریب ہیں، یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ سال سعودی دارالحکومت ریاض میں طے پانے والے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) کے چند ماہ بعد سامنے آیا ہے۔یہ انکشاف یہاں سعودی سفیر ناوَف بن سعید المالکی کی جانب سے منعقدہ ایک افطار ڈنر کے موقع پر ایک سینئر سعودی سفارت کار نے میڈیا کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والا تاریخی دفاعی معاہدہ گزشتہ ستمبر میں دستخط ہوا تھا، جس کے تحت اسلام آباد اور ریاض نے اس بات کا عہد کیا کہ اگر کسی ایک پر حملہ ہوا تو اسے دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔