• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

T20 ورلڈ کپ، انگلینڈ سے شکست، پاکستان کی کشتی پھر اگر مگر میں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کپتان ہیری بروک نے زندگی کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے انگلینڈ کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ پاکستان کو ٹاپ فور میں جانے کیلئے اب دوسری ٹیموں پر انحصار کرنا ہوگا۔ پاکستانی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے میں دو وکٹ سے شکست ہوئی۔ انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ۔ پاکستان کا سیمی فائنل میں جانا مشکل ہوگیا ہے۔ منگل کو پالے کیلے میں ہیری بروک نے پاکستانی بولروں پر لاٹھی چارج کیا اور51 گیندوں پر ایک سو رنز بنائے ۔ ان کی میچ وننگ اننگز میں چار چھکے اور دس چوکے شامل تھے۔ آخری اوور میں جیت کیلئے تین رنز درکار تھے۔ انگلینڈ نے165کا ہدف پانچ گیندیں پہلے پورا کر لیا۔ ہیری بروک نےٹی ٹوئنٹی کیئریئر کی پہلی سنچری بنائی۔ اس سے قبل ان کا سب سے زیادہ اسکور 81رنز تھا۔ ول جیکس نے28اور سیم کرن نے16رنز بنائے۔ پاکستان کےلیے شاہین آفریدی نے30رنز دے کر چار،عثمان طارق نے31اورمحمد نواز نے26رنز دے کر دو دو وکٹ حاصل کئے۔ انگلش اننگز کی پہلی ہی گیند پر شاہین آفریدی نے فل سالٹ کو کاٹ بی ہائینڈ کرادیا۔ انہوں نے اگلے اوور میں جوز بٹلر اور پھر جیک بیتھل کو8رنز پر آئوٹ کرکے انگلینڈ کیلئے مشکلات پیدا کیں ۔ شاہین نے تین اوورز کے اسپیل میں13رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔تاہم انگلش کپتان نے جوابی حملے شروع کردیے ۔ ٹام بینٹن دو رنز بناکر عثمان طارق کی گیند پر کیچ ہوئے۔ان کا اگلا نشانہ16رنزبنانے والے سیم کرن تھے۔ انگلینڈ نے ایک سو رنز67گیندوں پر بنائے۔ ہیری بروک نے نصف سنچری28گیندوں پر مکمل کی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے9وکٹ پر164رنز بنائے۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر63رنز بنائے۔ دو چھکے اورسات چوکے مارے۔ شاداب خان11گیندوں پر چارچوکوں کی مدد سے پر23رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے ۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 14رنز پر گری، صائم ایوب 7رنز بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر کیچ ہوگئے۔ کپتان سلمان علی آغا 5 رنز بنانے کے بعد لیام ڈاسن کا شکار بن گئے ۔ بابر اعظم نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ محتاط انداز میں اسکور73رنز تک پہنچایا جہاں بابر اعظم اوورٹن کی گیند پر بولڈ ہوگئے، انہوں نے24گیندوں پر25رنز دو چوکے لگاکر اسکور کیے ۔ فخر زمان ٹورنامنٹ میں پہلی بار بیٹنگ کیلئے آئے ۔ تاہم122کے مجموعے پر فرحان اوورٹن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ فخر زمان بھی16گیندوں پر24رنز بناکر عادل رشید کی وکٹ بن گئے ۔ انہوں نے دو چھکے اور دو چوکے مارے۔ عثمان خان (8)، محمد نواز (0) اور شاہین آفریدی (2) رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔انگلش اسپنر لیام ڈاسن نے24رنز دے کر 3،فاسٹ بولر جوفرا آرچر اور جیمی اوورٹن نے دو دو جبکہ لیگ اسپنر عادل رشید نے ایک وکٹ لی۔

اسپورٹس سے مزید