• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

26 جون تک سرکاری خریداریوں کے نئے قواعد نافذ کردینگے، حکومت

اسلام آباد(مہتاب حیدر) حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈکو آگاہ کیا ہے کہ جون 2026 تک نئے پبلک پروکیورمنٹ قواعد نافذ کر دیے جائیں گے جن میں سرکاری اداروں (SOEs) کو کسی قسم کی ترجیحی سہولت نہیں دی جائے گی۔وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد نئے قواعد باضابطہ طور پر جاری کیے جائیں گے اور تمام موجودہ ضوابط کو اپ ڈیٹ کر کے نوٹیفائی کیا جائے گا۔ نئے مسودۂ قواعد میں سرکاری اداروں کو حاصل ترجیحی حیثیت کو واضح طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور اب کسی بھی سرکاری ملکیتی ادارے کو خصوصی رعایت حاصل نہیں ہوگی۔نئے ڈرافٹ قواعد کے مطابق دو ارب روپے سے زائد مالیت کی خریداری کے لیے لازمی طور پر تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کی شرط عائد کی گئی ہے، جبکہ 50 کروڑ سے دو ارب روپے تک کی خریداری کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن ضروری ہوگی۔ اس کے علاوہ آزاد شکایات ازالہ اور انسپیکشن کمیٹیوں کی تشکیل، اور سامان کی آزاد پری شپمنٹ انسپیکشن کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پیپرا (PPRA) آزاد ماہرین کا ایک پینل تشکیل دے گا جو خریداری کرنے والے اداروں کو بولیوں کی جانچ، ویلیڈیشن، انسپیکشن اور شکایات کے ازالے کے نظام میں معاونت فراہم کرے گا۔ان تبدیلیوں کا مقصد پبلک پروکیورمنٹ نظام کی کارکردگی بہتر بنانا ہے، جس کے لیے سرکاری اداروں کو دی جانے والی ترجیحات ختم کی جا رہی ہیں، براہ راست کنٹریکٹنگ کی گنجائش محدود کی جا رہی ہے اور 12 ماہ کے اندر تمام خریداری کے لین دین کے لیے ای-گورنمنٹ پروکیورمنٹ سسٹم کا استعمال لازمی قرار دیا جا رہا ہے۔ حکومت وفاقی اداروں میں ای-گورنمنٹ پروکیورمنٹ اینڈ ڈسپوزل سسٹم (EPADS) نافذ کرے گی اور جون 2027 تک اسے تمام پبلک سیکٹر اداروں اور وفاقی محکموں کے ساتھ ساتھ ٹیکس، نادرا اور آڈٹ جیسے ڈیٹا سیٹس سے مکمل طور پر منسلک کر دے گی۔ دسمبر 2028 تک EPADS کو صوبائی حکومتوں تک توسیع دے کر ان کے ساتھ مکمل انضمام کیا جائے گا۔حکومت ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات سے متعلق پبلک پروکیورمنٹ کی سہ ماہی مانیٹرنگ رپورٹس بھی جاری کرے گی۔اسٹینڈرڈ بڈنگ ڈاکومنٹس کو عالمی بہترین طریقہ کار کے مطابق جون 2026 تک نظرثانی کر کے حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ پی پی آر اے کی ہدایت پر وفاقی سطح کے خریداری کرنے والے اداروں میں مخصوص پروکیورمنٹ سیلز قائم کیے جا رہے ہیں اور اب تک 122 اداروں میں یہ سیلز قائم ہو چکے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید