کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دی کڈنی سینٹر کے لیے صوبائی معاونت میں نمایاں اضافے کا اعلان کیا، نئے کارڈیک کیتھیٹرائزیشن (کیتھ) لیب کے قیام کے لیے فنڈنگ کا وعدہ کیا اور جعلی خبروں کے پھیلاؤ کے خلاف سخت انتباہ جاری کیا۔ انہوں نے قومی سلامتی، پولیسنگ کے معاملات اور سیاسی تنازعات پر بھی اظہارِ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ نے دی کڈنی سینٹر میں میڈیا سے گفتگو اور تقریب سے خطاب کیا، جہاں انہوں نے سندھ حکومت کے تعاون سے قائم نئے انٹینسو کیئر یونٹ (آئی سی یو) کا افتتاح کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام اور اسپتال کی انتظامیہ شریک تھی، جن میں چیئرپرسن فرینڈز آف دی کڈنی سینٹر ماریانا کریم، بورڈ چیئرمین عدنان آفریدی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر راشد جوما، ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر سعید چشتی، ڈین ڈاکٹر عاصم احمد اور ہیڈ آف سرجری ڈاکٹر سلمان ال خالد شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت معتبر غیر منافع بخش اداروں کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام کرنے پر فخر محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بنیادی طور پر حکومت کی ذمہ داریاں ہیں لیکن جب مخلص اور اہل شراکت دار دستیاب ہوں تو نتائج کہیں بہتر ہوتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ آئندہ سال سے دی کڈنی سینٹر کے لیے سالانہ گرانٹ 30 کروڑ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دی جائے گی۔