کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ منصوبہ ون سے10کروڑ گیلن یومیہ پانی کی سیکنڈری ٹریٹمنٹ کے لئے 5ارب روپے کی منظوری دے دی ، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صرف طویل المدتی منصوبہ بندی نہیں کراچی کو اسی سال نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے،تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں کراچی میں گندے پانی کی صفائی اور ری سائیکلنگ کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور ٹی پی ون (TP1) سے 100 ایم جی ڈی پانی کی سیکنڈری ٹریٹمنٹ کو 31 دسمبر تک یقینی بنانے کے لئے 5 ارب روپے کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے 30 جون تک 30 تا 35 ایم جی ڈی پانی کی ٹریٹمنٹ کا عبوری ہدف بھی مقرر کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ صرف طویل المدتی وژن نہیں بلکہ کراچی کے عوام کو اسی سال واضح بہتری نظر آئے گی۔گندے پانی کی صفائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مراد علی شاہ نے کراچی کے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور ری سائیکلنگ منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ٹی پی فور (TP4) منصوبے کو شہر کے واٹر مینجمنٹ سسٹم کے لئے ایک انقلابی قدم قرار دیا اور متعلقہ اداروں کو فیصلوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں جاری ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تکمیل، ٹی پی ون کی فوری بحالی، اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے تحت ٹی پی فور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اینڈ ری سائیکلنگ منصوبے کو مالیاتی کلوزنگ اور عملی آغاز کی جانب تیزی سے بڑھانے پر زور دیا گیا۔