کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نےپاکستان سپر لیگ کے چار سالہ ٹی وی براڈ کاسٹ اور لائیو ا سٹریمنگ رائٹس کے ٹینڈر پراسیس کی کامیاب تکمیل کا اعلان کر دیا۔پی سی بی کا دعوی ہے کہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں میڈیا رائٹس کے لیے سب سے بڑی مالی پیشکش سامنے آئی۔ولی ٹیکنالوجیز نے پاکستان ریجن میں چار سالہ براڈکاسٹ اور لائیو اسٹریمنگ ڈیل کے لیے 26.11 ارب روپے کی ریکارڈ پیشکش کی۔پی سی بی کی مقرر کردہ ریزرو پرائس کو تاریخی حد تک عبور کیا گیا۔ سلمان نصیر سی ای او ایچ پی ایس ایل کا کہنا ہے کہ نئے ا سٹرکچر کے تحت ٹی وی اور لائیو اسٹریمنگ دونوں رائٹس پاکستان بھر میں شائقین تک وسیع اور بہتر کوریج یقینی بنائیں گے۔نہ صرف پی ایس ایل بلکہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا براڈکاسٹ ڈیل ہوگا، پی ایس ایل کے کمرشل اثاثوں کی ویلیو میں تیزی سے اضافہ لیگ کی عالمی معیار اور ساکھ کا ثبوت ہے، سلمان نصیرنے ہفتے کو لاہور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم خوش ہیں کہ 2026 سے 2029 کے چار سالہ دورانیے میں تمام سابقہ ریکارڈز اور ویلیوایشنز کو پیچھے چھوڑ دیا گیا ہے، محمداحسن طاہر سی ای او، ولی ٹیکنالوجی نے کہا کہ ٹی وی اور لائیو سٹریمنگ رائٹس کی اس اسٹریٹجک ہم آہنگی سے شائقین کو مختلف پلیٹ فارمز پر بہتر اور جدید تجربہ فراہم کیا جائے گا۔