اسلام آباد (صالح ظافر/ رانا غلام قادر) حکومت نے قومی احتساب بیورو کے موجودہ چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد بٹ کی مدتِ ملازمت میں فوری طور پر تین سال کی توسیع کر دی جس کی وفاقی کابینہ نے سرکلر سمری کے ذریعے منظوری دیدی ہے‘وہ جمعرات کو اپنی پہلی تین سالہ مدت مکمل ہونے پر ریٹائر ہو رہے تھے‘یہ فیصلہ ان کی گراں قدر خدمات کے پیش نظر کیا گیا ہے جنہوں نے بیورو کی کارکردگی کو مکمل طور پر بدل کر رکھ دیا ہے‘ حکومت نے انہیں عہدے پر برقرار رہنے پر آمادہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے رات گئے اپنی منظوری دے دی جس کے بعد اسی شام نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔انتہائی معتبر ذرائع نے جمعرات کی شام دی نیوز /جنگ کو بتایاکہ لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ کو 5 مارچ 2023 کو وزیر اعظم شہباز شریف اور قومی اسمبلی میں اس وقت کے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے مابین اتفاقِ رائے سے چیئرمین نیب مقرر کیا گیا تھا‘جب لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ) نذیر احمد بٹ نے ذمہ داریاں سنبھالیں تو بیورو کی حالت ابتر تھی اور اس کی کارکردگی و ساکھ انتہائی نچلی سطح پر تھی۔ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ)نذیر احمد جو امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں بطور سفارت کار اور ڈیفنس ایڈوائزر اور وفاقی حکومت میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں، نے نمود و نمائش کے بغیر خاموشی سے اپنا کام شروع کیا۔ ان کی کارکردگی کو ہر طبقہ فکر کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ حکومت نے انہیں عہدے پر برقرار رہنے پر آمادہ کیا اور اب سینیٹ اور قومی اسمبلی سے یکے بعد دیگرے ترامیم کی منظوری کے بعد انہیں تین سال کی توسیع دے دی گئی ہے جس نے چیئرمین کی ملازمت میں توسیع کا راستہ ہموار کیا۔لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کی مدت ملازمت میں تین سالہ توسیع 6مارچ 2026سے موثر ہوگی۔ وزارت قانون و انصاف نے ان کی تقرری میں تین سالہ توسیع کا با ضابطہ نو ٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔