اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں پانچ الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا، باجوڑمیں انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی میں 5خوارج جہنم واصل ،بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان3، خیبر اور جنوبی وزیرستان میں 5 ہلاک ہو گئے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین کرتے ہو ئے کہا ہے کہ بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں ملک کے امن کے لئے نہایت اہم ہیں،ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ باجوڑ ضلع میں انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 خوارج کو جہنم واصل کر دیا،اس کے علاوہ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان اضلاع میں دو دیگر کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین خوارج کو کامیابی سے جہنم واصل کر دیا گیا۔