تہران ،کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) امریکا اور اسرائیل کی ایران اور لبنان پر بمباری کا سلسلہ نہ رک سکا ، ایران کے دارالحکومت تہران پر اب تک کی بدترین بمباری کی گئی ہے ، ایرانی دارالحکومت کے رسالت اسکوائر کےقریب بمباری میں مزید 40افراد شہید ہوگئے، پاسدارا ن انقلاب نے امریکی و اسرائیلی حملوں کا جواب اپنے طاقتور میزائلوں فارح، عماد خیبر اور قدر کے ذریعے سے دیاہے ، پاسداران انقلاب کے مطابق ان میزائلوں جن میں ہائپر سونک میزائل بھی شامل ہیں کے ذریعے اسرائیل میں فوجی اڈوں،انٹیلی جنس مراکز تیل کی تنصیبات اور خلیج میں قائم امریکی تنصیبات اور اڈوںکو نشانہ بنایا گیا ہے ،بحرین، کویت اور سعودی عرب میں امریکی اڈوں کی طرف میزائل داغے گئے ہیں ، بحرین کےد ارالحکومت مناما میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ وسطی اسرائیل میں دو افرادمار ے گئے ،ابوظبی کے الرویس صنعتی کمپلیکس میں ایک تنصیب پر ڈرون حملے کے بعد آگ لگ گئی جس کے بعد خطے میں تیل کی سب سے بڑی آئل ریفائنری کو بند کردیا گیا ہے۔امریکی وزیر توانائی نے ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز سے آئل ٹینکر کو گزارا ہے جبکہ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ آبنائے ہرمز کے قریب سے گزرنے کی جرات بھی نہیں کرسکتی،وائٹ ہاؤس نے اپنے وزیر توانائی کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا بحریہ کا کوئی جہاز آبنائےہرمز نہیں گیا ۔ پنٹاگون نے ایران سے جنگ کے دوران اپنے 140فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے جس میں سے 8شدید زخمی ہیں۔پاسداران انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے کہ ایران کے پاس میزائلوں کا ذخیرہ ختم ہورہاہے، ان کے مطابق ایران کے پاس ایک ٹن سے زائد تک بارود لے جانے والے میزائلوں کی بڑی کھیپ موجود ہے، ایران کا کہنا ہے کہ بیروت میں ہوٹل پر حملے میں ان کے 4سفارتکار شہید ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق قطری میڈیا نے اپنے نامہ نگار کے حوالے سے بتایا کہ تہران پر اب تک کی "شدید ترین بمباری" کی گئی ہے جس سے شہر کے رسالت اسکوائر کے قریب کم از کم 40 افراد شہید ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایران سے اسرائیلی علاقے کی جانب داغے گئے میزائلوں کی شناخت کی اور دفاعی نظام خطرے کو روکنے کیلئے فعال رہا۔ایران کے خاتم الانبیاء مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملوں کی نئی لہر کے دوران ایرانی افواج نے اسرائیل میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا ہے۔