ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان یونائٹیڈ ورکرز فیڈریشن جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ملک مختار اعوان، صدر مصور حسین قریشی،چیئرمین حامد حسن، چیف آرگنائزر ملک وحید رجوانہ اور سیکرٹری اطلاعات ملک عرفان اتیرا نے ورکرز ویلفیئر فنڈ اسلام آباد کی گورننگ باڈی کے 166ویں اجلاس میں کیےگئے فیصلے پر افسوس اور تشویش کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے مزدوروں کے بچوں کیلئے تعلیمی معاونت کے معیار کو غیر ضروری طور پر محدود کر دیا گیا ہے، یہ فیصلہ نہ صرف ورکرز ویلفیئر فنڈ کے بنیادی اغراض و مقاصد کے منافی ہے بلکہ مزدوروں اور ان کے بچوں کے تعلیمی حقوق پر بھی براہراست اثر انداز ہوتا ہے ،ملک بھر کے محنت کشوں کی نمائندہ فیڈریشن نے بھی اسے مسترد کر دیا ہے، یہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے مقاصد کی خلاف ورزی ہے، حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ اس مزدور دشمن فیصلے کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور مزدور دوست پالیسی کو بحال کر کے مزدوروں کے بچوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنایا جائے۔