• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو مدد کیلئے تیار، پاکستانی سفیر احمد فاروق

اسلام آباد (صالح ظافر) سعودی عرب میں متعین پاکستانی سفیر احمد فاروق نے مملکت کی سیکورٹی کے حوالے سے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سعودی عرب کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کو کسی بھی قسم کا خطرہ لاحق ہوا تو پاکستان اس کی بھرپور مدد کے لیے تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوا تو وہ مملکت کی مدد کے لیے آئے گا۔ یہ یقین دہانی اتوار کو سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق کی جانب سے جنگ کے ساتھ گفتگو میں سامنے آئی۔ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ مملکت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دورہ خطے میں چھڑنے والے تنازع کی وجہ سے تھا۔ ’’پاکستان کی قیادت نے مملکت کی قیادت کو اپنی حمایت کے حوالے سے مکمل یکجہتی کا پیغام پہنچایا ہے۔‘‘ سفیر نے یاد دلایا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور طویل عرصے سے ان کے تعلقات کا ایک اہم ستون رہے ہیں۔ ’’پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ہمیشہ یہ اصولی موقف رہا ہے کہ جب بھی مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو خطرہ ہوگا، وہ ہمیشہ اس کی مدد کے لیے آئے گا اور ہم نے ماضی میں بھی ایسا کیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید