کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ میں ڈیجیٹل گورننس کو فروغ دینے کے لئے اقدامات ‘ سندھ ریونیو بورڈ(ایس آربی)اور سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (SITC)کے درمیان معاہدہ‘ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں ڈیجیٹل طرز حکمرانی کے فروغ کے لیے اقدامات کو وسعت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات شفاف‘ مؤثر اور عوام مرکز حکومت کے قیام کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔اگلے مرحلے میں مکمل طور پر پیپر لیس نظام متعارف کرایا جائے گا جس کے تحت شہری اپنے لیپ ٹاپ یا موبائل ڈیوائس کے ذریعے آن لائن اسٹامپ دستاویزات تیار کر سکیں گے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو وزیر اعلیٰ ہاوس میں ای اسٹیمپنگ نظام کی دستخطی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔تقریب کے دوران ایس آر بی اورایس آئی ٹی سی کے درمیان ماسٹر سروس لیول ایگریمنٹ اور سروس آرڈر پر دستخط کیے گئے جس کا مقصد ای اسٹیمپنگ پلیٹ فارم کے تسلسل اور توسیع کو یقینی بنانا ہے‘یہ اقدام سرکاری دستاویزات کی ڈیجیٹائزیشن ‘ جعلی اسٹامپ پیپرز کے خاتمے اور شہریوں کے لیے خدمات کو آسان بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔