ریاض(شاہد نعیم/نمائندہ خصوصی )سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عرب اور اسلامی وزرائے خارجہ کا مشاورتی ہنگامی اجلاس‘خطے کی صورتحال‘ علاقائی سلامتی اور استحکام پر تبادلہ خیال‘ وزیرخارجہ اسحق ڈارکی شرکت ‘نائب وزیراعظم نے خطے کے تمام برادر ممالک کی علاقائی سالمیت‘ خودمختاری اور سیاسی آزادی کیلئے مکمل حمایت کا اظہار کیا اور ان کی سرزمین کے خلاف تمام حملوں کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔بعدازاںاجلاس کا اعلامیہ جاری کردیاگیاجس میں کہاگیاہے کہ ایران ہمسایہ ممالک میں جنگ نہ پھیلائے‘خلیجی ریاستوں کو دفاع کا حق حاصل ہے‘ایران ہمسایہ ممالک کے خلاف جارحیت روکنے سمیت خطے کے امن اور استحکام کو یقینی بنائے اور آبنائے ہرمز کو محفوظ بنائے اور عالمی تجارت میں خلل پیدا نہ کرےجبکہ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے خبردارکرتے ہوئے کہاہے کہ ایران سن لے بڑھتے حملوں پر سعودیہ کا صبر لامحدودنہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ریاض میں عرب اور اسلامی وزرائے خارجہ کا مشاورتی ہنگامی اجلاس ہواجس میں پاکستان ‘ آذربائیجان ‘بحرین‘شام ‘قطر ‘ترکی ‘امارات‘ کویت ‘ اردن اورمصرکے وزرائے خارجہ نے شرکت کی‘ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایران پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اسلامی دنیا کے حوالے سے ایران کی حمایت کہاں ہے؟سعودی وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایران خلیجی ممالک پر حملے کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔