• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آبنائے ہرمز کھولو، ٹرمپ کی ڈیڈ لائن آج ختم، دشمنوں کیلئے بند ہے، ایرانی صدر

تہران (اے ایف پی/ نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگرتہران نے 48گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز نہ کھولی توامریکا ایران کے مختلف پاور پلانٹس کو تباہ کر دے گا اور اس کا آغاز سب سے بڑے پاور پلانٹ پر حملے سے کیا جائے گا‘ٹرمپ کی ڈیڈلائن آج پیراورمنگل کی درمیانی شب 4 بجکر 45 منٹ پر ختم ہوگی ‘دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ہماری سرزمین پر جارحیت کرنے والے دشمنوں کے علاوہ تمام بحری جہازوں کے لئےکھلا ہے۔پزشکیان نے ایک بیان میں مزید کہا کہ ایران کو نقشے سے مٹانے کا فریب مایوسی کی علامت ہیں۔ایران کی فوج نے متنبہ کیا ہے کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے بجلی گھروں کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں پر عمل کیا تو اسٹریٹجک اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گاجبکہ اسرائیل اور خطے میں موجود ان ممالک کے بجلی گھروں کو نشانہ بنایا جائے گا جہاں امریکی اڈے موجود ہیں ،ایران نے اپنے سمندر سے دور بحر ہند میں امریکا اور برطانیہ کے مشترکا فوجی اڈے ڈیگو گارشیا پر بیلسٹک میزائل داغنے کی تردید کردی ہے، سینئر ایرانی عہدے دار نے بتایا کہ ایران کا ڈیگو گارشیا سے کوئی تعلق نہیں، ڈیگو گارشیا ایرانی سرزمین سے چار ہزار کلومیٹر دور ہے۔سعودیہ نے ایران کے 2 فوجی اتاشیوں اور ان کے عملے کے 3ارکان کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا ہے ‘سعودی عرب نے اہلکاروں کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دے کر 24 گھنٹے کے اندر اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ سعودی حکومت نے کہا کہ ایران نے سعودی عرب، خلیج تعاون کونسل اور عرب اور اسلامی ملکوں کو باربار ہدف بنایا، سعودی خودمختاری، سویلین انفرااسٹرکچر، معاشی مفادات اور سفارتی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی نفی کی ہے،قبل ازیں سعودی وزارت دفاع کا کہنا تھاتین بیلسٹک میزائلوں نےریاض کو نشانہ بنایا۔سعودی وزارت دفاع کے مطابق ایک میزائل کو دفاعی نظام نے روکا جبکہ دوغیرآباد علاقے میں گرے۔ خبر ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات کے قریب بحری جہاز پر میزائل حملہ ہوا ہے۔برطانوی میری ٹائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ شارجہ کے شمال میں 15 ناٹیکل میل کے فاصلے پر پیش آیا۔برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق میزائل حملے میں جہاز کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔حملے میں جہاز کا عملہ محفوظ رہا۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک بیان میں فوجی آپریشنل کمانڈ خاتم الانبیاء نے کہا "اگر ایران کے بجلی گھروں کے حوالے سے امریکا کی دھمکیوں پر عمل درآمد کیا گیا تو آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا، اور اسے اس وقت تک دوبارہ نہیں کھولا جائے گا جب تک کہ ہمارے تباہ شدہ بجلی گھروں کو دوبارہ تعمیر نہیں کر لیا جاتا۔"فوج نے مزید کہا کہ وہ اسرائیل کے "بجلی گھروں، توانائی، اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے انفراسٹرکچر" کے ساتھ ساتھ ان علاقائی ممالک کے بجلی گھروں کو بھی نشانہ بنائے گی جہاں امریکی اڈے موجود ہیں یا وہ کمپنیاں جن میں امریکی شیئر ہولڈرز ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات "اپنے ملک اور اپنی قوم کے مفادات کے دفاع کے لئے" اٹھائے جائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید