اسلام آباد (ساجد چوہدری ) عالمی موبائل نیٹ ورک تجزیاتی ادارے اوپن سگنل (Opensignal) نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ اسپیکٹرم نیلامی سے ملک کی ڈیجیٹل صلاحیت میں اضافہ اور موبائل نیٹ ورک کی کارکردگی بہتر ہونے کی توقع ہے۔ اپنی نئی رپورٹ میں ادارے نے حال ہی میں پی ٹی اے کے زیرِ اہتمام ہونے والی فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کا جائزہ لیتے ہوئے اسے تیز رفتار اور زیادہ قابلِ اعتماد موبائل سروسز کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا، رپورٹ کے مطابق اس نیلامی کے بعد موبائل آپریٹرز کیلئے دستیاب مجموعی اسپیکٹرم پہلے کے مقابلے میں دوگنا سے بھی زیادہ ہوگیا ہے، جس سے ٹیلی کام کمپنیاں زیادہ تیز اور مستحکم نیٹ ورک قائم کرنے کے قابل ہوں گی۔ تجزیے میں کہا گیا کہ پاکستان ڈاؤن لوڈ اسپیڈ اور مجموعی نیٹ ورک معیار کے لحاظ سے جنوبی ایشیا کے کئی ممالک سے پیچھے تھا، اس لئے مستقبل کی ترقی کیلئے اضافی اسپیکٹرم ناگزیر تھا، اوپن سگنل نے بتایا کہ نیلامی میں تین بڑے موبائل آپریٹرز نے حصہ لیا اور بڑی مقدار میں فریکوئنسی حاصل کی، جس سے 5جی سمیت نئی نسل کی موبائل سروسز کے آغاز میں مدد ملے گی۔