• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی عزم کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے اتحاد و یکجہتی اہم عنصر ہے، صدر زرداری

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے یوم پاکستان 23 مارچ 2026کے موقع پر اپنےپیغام میں کہا ہے کہ قومی عزم کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے اتحاد ویکجہتی سب سے اہم عنصر ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا، ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 23مارچ ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصرنے کہا کہ پاکستان کا قیام ایک طویل جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کا نتیجہ ہے۔سیدال خان ناصر نے مزید کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے دو قومی نظریے کی بنیاد پر اپنی شناخت، حقوق اور آزادی کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر قربانیاں دیں، جن کا ثمر آج ایک آزاد ریاست کی صورت میں ہمارے سامنے ہے۔ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے یوم پاکستان 23 مارچ 2026 کے موقع پر اپنےپیغام میں کہا ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج ہی کے دن 1940 میں برصغیر کے مسلمانوں نے قرارداد پاکستان منظور کی اور ایک علیحدہ وطن کے قیام کا نظریہ پیش کیا جہاں وہ اسلامی اقدار کے مطابق آزادانہ طور پر اپنی زندگی گزار سکیں۔صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم اپنے بزرگوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم پاکستان 23 مارچ 2026 پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم پاکستان کے تاریخ ساز قومی دن پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔​23 مارچ کا دن جنوبی ایشیا کی تاریخ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ چھیاسی برس قبل اس تاریخی دن پر برصغیر پاک و ہند کی مسلم قیادت اپنے غیر متزلزل عزم کے ساتھ ایک آزاد وطن کی بنیاد رکھنے کے لیے متحد ہوئی۔ فکرِاقبال سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے مسلم قائدین نے ایک ایسی ریاست کا تصور پیش کیا جہاں مسلمانوں کے آئینی اور سیاسی حقوق کو تخفظ حاصل ہو اور وہ وقار، آزادی اور عزتِ نفس کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔
اہم خبریں سے مزید