اسلام آباد (رانا غلام قادر) وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الفطر کے موقع پر فیلڈمارشل سید عا صم منیر ، سیاسی قائدین سے ٹیلیفونک رابطے کیےاور عید کی مبارکباد دی ۔وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطا بق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ،پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اورپاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو ٹیلیفون پر عید کی مبارکباد دی۔وزیر اعظم نے سکیورٹی فورسز کے ان جوانوں اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا جو عید کے دن بھی اپنے اہل و عیال سے دور سرحدوں پر ملک کی حفاظت کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اورگلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ جسٹس (ریٹائرڈ )یار محمد کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران ان رہنماؤں سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ عید کے اس پر مسرت و بابرکت موقع پر پاکستان کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں عید الفطر کی مبارکباد دی۔ انہوں نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، گورنر سندھ نہال ہاشمی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کو بھی ٹیلی فون کیے اور عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا۔وزیرِ اعظم نے وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے علاوہ اتحادی جماعتوں اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی فون کیے جن میں جمیعت علماءِ اسلام ( ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان، صدر بلوچستان عوامی پارٹی سردار خالد حسین مگسی، صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان اور سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ ق چوہدری سالک حسین شامل ہیں ۔