کراچی (افضل ندیم ڈوگر) مشرق وسطی میں مسلسل جاری جنگ کے باعث قطر ایئرویز نے مرحلہ وار اپنے 15قیمتی مسافر طیاروں کو محفوظ رکھنے کیلئے اسپین کے ٹیروئل ایئرپورٹ منتقل کر دیا ہے جبکہ قیمتی ترین 147 گھوڑے ہنگامی بنیادوں پر یورپ منتقل کر دیئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 13 اور پھر مزید 5 جدید طیارے ایک ساتھ ٹیروئل منتقل کئے گئے ہیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق منتقل طیاروں میں اے 380، اے 330، اے 350، بوئنگ 747، 789 شامل ہیں۔ ٹیروئل ایئرپورٹ 2013 میں کھولا گیا تھا جو یورپ کا سب سے بڑا صنعتی ایرو اسپیس پلیٹ فارم ہے۔ جو تجارتی مسافر پروازوں کی دیکھ بھال اسٹوریج اور ری سائیکلنگ کیلئے مختص ہے۔ یہاں بیک وقت 250 سے زائد طیاروں کو پارک کرنے کی جگہ موجود ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق قطر کی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ گھوڑوں کو پہلے ٹرکوں کے ذریعے ریاض منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں کارگو طیاروں کے ذریعے بیلجیئم پہنچایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ 147 گھوڑے اعلیٰ درجے کے شو جمپنگ کے چیمپئن ہیں جو دوحہ کے الشقب مرکز میں منعقد ہونے والے 2026 لانژین گلوبل چیمپئنز ٹور کی منسوخی کے بعد منتقل کئے گئے۔ یہ نہایت قیمتی کھیلوں کے گھوڑے ہیں جن میں سے بعض کی قیمت لاکھوں ڈالر تک ہے جبکہ مجموعی مالیت تقریباً 300 ملین ڈالر بتائی جاتی ہے۔ یہ گھوڑے دنیا کے معروف سواروں اور ٹیموں کی ملکیت ہیں۔ ایران سے متعلق کشیدگی اور قطر کی فضائی حدود 28 فروری سے بند ہونے کے باعث یہ گھوڑے وہیں پھنس گئے تھے۔ بعد ازاں انہیں خصوصی انتظام کے تحت سڑک کے ذریعے ریاض پہنچایا گیا اور وہاں سے کارگو پروازوں کے ذریعے بیلجیم کے شہر لیئژ منتقل کیا گیا۔