کراچی (اسد ابن حسن) ہنڈی حوالے کا ملزم ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کے حوالے ہونے کے بعد اس کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔ سرکل میں درج ایف آئی آر نمبر 20/26 میں تفتیشی افسر انسپکٹر محمد سہیل نے تحریر کیا ہے کہ موچکو تھانے کی پولیس پارٹی نے کوئٹہ سے آنے والی بس کی تلاشی کے دوران ایک مشکوک پیسنجر عبدالرحمن کے سامان سے 2 کروڑ 89 لاکھ ایرانی ریال برامد کر لئے۔ مذکورہ رقم پاکستانی روپے کے 61 لاکھ روپے کے مساوی ہے۔ ملزم کے قبضے سے دو لاکھ ایرانی ریال فی نوٹ والی آٹھ گڈیاں اور ایک لاکھ فی نوٹ والی نو گڈیاں برآمد ہوئیں۔ کیونکہ فارن کرنسی کی اسمگللنگ تھانے کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی تھی اس لئے ملزم کو ایف آئی کے حوالے کر دیا جہاں اس نے ابتدائی طور پر بتایا کہ وہ ہنڈی حوالے کا کاروبار کرتا ہے۔ ملزم کے نیٹ ورک کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔