کراچی (افضل ندیم ڈوگر) عراق میں ایندھن بھرنے کے طیارے حادثے میں ہلاک 3 امریکی نیشنل گارڈز کو اوہائیو کے پائلٹ نے 61 سال پرانے پائپر طیارے سے سوا 4 گھنٹے مسلسل پرواز کرکے شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ پائلٹ نے بولنگ گرین کے ووڈ کاؤنٹی ایئرپورٹ سے 19 مارچ کی شام 3:42 بجے سنگل انجن اور 4 نشست والے 61 سال پرانے پائپر چیروکی 140 ٹرینر طیارے سے اڑان بھری۔ پائلٹ نے نواحی علاقے میں اوسط 5000 فٹ کی بلندی اور 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سوا 4 گھنٹے تک مسلسل پرواز کی۔ ماہر پائلٹ نے اوہائیو ایئر سے تعلق رکھنے والے 3 امریکی نیشنل گارڈز کی قبروں کا اسکیچ بناکر ایک فوجی کی جانب سے سلیوٹ کرنے کا منظر مکمل کیا۔ یہ تنیوں فوجی 12 مارچ کو مغربی عراق میں ایندھن بھرنے والے طیارے کے حادثے میں ہلاک 6 امریکیوں میں شامل تھے جن کا تعلق اوہائیو ایئر سے تھا۔ اس خراج عقیدت کو سوشل میڈیا پر کافی سراہا جا رہا ہے۔