کراچی(اسٹاف رپورٹر) میچز بند اسٹیڈیمز میں کھیلنے کے اعلان اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باوجود دنیا بھر کے نامور کرکٹرز نے لیگ میں شرکت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ سری لنکا کے دونتھ ویلالاگے اور زمبابوے کے سکند ررضا نے لاہور قلندرز کو جوائن کر لیا ہے۔ دیگر غیر ملکی کھلاڑی 26 مارچ کو لاہور قلندرز کے پہلے میچ سے قبل ٹیم کو دستیاب ہوں گے ۔آسٹریلیا کے اسٹار بیٹر اسٹیو اسمتھ نیوریاک سے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئے ہیں، آل راؤنڈر گلین میکسویل اور بیٹر مارنس لبوشین سمیت دیگر غیر ملکی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ میزبان شہروں میں سیکیورٹی کے پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ، اسٹیڈیمز کے اندر اور باہر اضافی سیکیورٹی کیمرے لگائے جارہے ہیں ۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کا سفر محفوظ بنانے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بیک اپ فلائٹس کا بھی بندوبست کرلیا گیا ہے ۔ دریں اثنا پی ایس ایل کی انفینیٹی ٹرافی مختلف شہروں کا دورہ کرتی ہوئی لاہور پہنچ گئی۔ ٹرافی کا سفر مزار قائد سے شروع ہوا تھا ۔ حیدر آباد میں ٹرافی کی نمائش مکلی قبرستان، شاہ جہاں مسجد اور حیدر آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوئی۔ گیارہویں ایڈیشن کا افتتاحی میچ 26 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور نئی فرنچائز حیدرآباد کنگز مین کے درمیان کھیلا جائے گا۔