کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)معاون برائے محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ یہ 23مارچ کا دن ہماری قومی تاریخ کا ایک عظیم، تاریخی اور فیصلہ کن سنگِ میل ہے، جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد اور خودمختار وطن کے حصول کی واضح سمت عطا کی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ قراردادِ پاکستان ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے ان سنہری اصولوں کی یاد دلاتا ہے، جو قیامِ پاکستان کی بنیاد بنے اور آج بھی ہماری قومی ترقی کا محور ہیں انہوں نے کہا کہ 23 مارچ محض ایک تاریخی دن نہیں بلکہ ایک زندہ پیغام ہے، جو ہمیں اپنے اسلاف کی عظیم قربانیوں، عزمِ مصمم اور بے مثال جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی جذبے کو بروئے کار لاتے ہوئے ہمیں آج کے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے اور پاکستان کو ایک مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال صوبہ بھر میں یومِ قراردادِ پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ تاہم موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر سادگی سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں صوبے کے مختلف اضلاع میں سرکاری سطح پر فلیگ ہوسٹنگ کی تقاریب منعقد کی جائیں گی، جبکہ دیگر بڑی تقریبات کا انعقاد نہیں کیا جائے گا تاکہ سادگی اور ذمہ داری کو مدنظر رکھا جا سکے معاون برائے داخلہ نے کہا کہ موجودہ حالات ہم سے اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ ہم باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں اور ایک مشترکہ مقصد کے تحت ملک کی ترقی، استحکام اور دیرپا امن کے لیے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان عوام کے تعاون سے صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی بابر یوسفزئی نے بلوچستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 23 مارچ کے دن قومی پرچم کی حرمت اور وقار کو ملحوظ رکھتے ہوئے سادگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اس دن کی روح کے مطابق اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم سب مل کر پاکستان کو ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال ملک بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔