فیصل آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اتحاد وسیاسی استحکام ناگزیر ہے،پاکستان اس وقت اندرونی و بیرونی محاذوں پر مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہے تاہم وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک ان تمام مشکلات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر رہا ہے جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا کردار مزید مستحکم ہوا ہے اورعالم اسلام میں امن، اتحاد اور امید کی علامت بن چکا ہے۔انہوں نےعیدالفطر کی نماز اپنے پبلک سیکریٹریٹ میں ادا کرنے کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران ایران پر ہونے والی جارحیت اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسلامی دنیا کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف ایران بلکہ دیگر مسلم ممالک کے خلاف ہونے والی کسی بھی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ آج پاکستان کو ایران، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، عمان اور بحرین سمیت دیگر عرب و اسلامی ممالک کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور پاکستان عالم اسلام میں امن، اتحاد اور امید کی علامت بن کر ابھرا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کا کردار نہایت اہم ہے۔