کراچی(اسٹاف رپورٹر) ماڑی پور روڈ اور ہاکس بے روڈ پر پرٹریفک حادثات میں 1شخص جاں بحق اورماں بیٹی سمیت9افرادزخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق کلری تھانہ کی حدود پاور ہاؤس کے قریب ٹریفک حادثہ میں موٹر سائیکلسوار ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا ۔ متوفی کی لاش اور زخمی کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ۔ جہاں متوفی کی شناخت 23 سالہ مبشر ولد حسین اور زخمی کی شناخت ناصر ولد عثمان غنی کے ناموں سے ہوئی ۔ ایس ایچ او ماجد علی علوی نے بتایا کہ حادثہ ون ویلنگ کے دوران پیش آیا ، متاثرہ نوجوان موٹر سائیکل پر سوار تھے اور ون ویلنگ کررہے تھے کہ موٹر سائیکل کا توازن بگڑنے سے پیڈسٹل برج کےکھمبے سے ٹکرا گئے ،حادثہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والا نوجوان لیاری کے علاقے آگرہ تاج کا رہائشی تھا۔ کلری تھانہ کی حدود ماڑی پور روڈ لیاری اسٹیشن نیول فلیٹس کے قریب ایک اورٹریفک حادثے سے دو خواتین زخمی ہوگئی جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں ان کی شناخت 45 سالہ شبانہ زوجہ جاوید اور ماہ نور دختر جاوید کے ناموں سے ہوئی ۔ ایس ایچ او ماجد علی علوی نے بتایا کہ حادثےمیں زخمی ہونے والی خواتین ماں اور بیٹی ہیں جو سڑک عبور کررہی تھی کہ نامعلوم گاڑی نے ٹکر ماردی ۔ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے ۔ مذکورہ تھانے کی حدود ماڑی پور روڈ شنواری ہوٹل کے قریب ایک اور ٹریفک حادثے میں ایک شخص زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا ۔ ایس ایچ او ماجد علی علوی نے بتایا کہ زخمی شخص راہ گیر ہے جو سڑک عبو رکررہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر ماردی ۔ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ۔ زخمی کی فوری شناخت نہیں ہوسکی تاہم عمر 35 سال کے قریب بتائی جاتی ہے ۔