لاہور (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے اور عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے 69ارب روپے کا بوجھ خود برداشت کیا ہے، امید ہے اپریل تک توانائی کی فراہمی کی صورتحال بہتر رہے گی اور ملک کو کسی بڑے بحران کا سامنا نہیں کرنا پڑیگا، حکومت کی اولین ترجیح عوام پر کم سے کم مالی دباؤ ڈالنا ہے اور اسی مقصد کے تحت مختلف سطحوں پر موثر اقدامات جاری ہیں، ہمارے وسائل لامحدود نہیں، علاقائی جنگی حالات سے توانائی انفرا اسٹرکچر متاثر ہونے کا خدشہ ہے، ڈیمانڈ مینجمنٹ اور توانائی بچت اقدامات پر غور کیا جارہا ہے۔ اتوار کے روز یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت محدود وسائل کے باوجود معیشت کو مستحکم رکھنے کیلئے سنجیدہ اور جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وسائل لامحدود نہیں، اس لیے ضروری ہے کہ پائیدار اور دیرپا حل تلاش کیے جائیں۔ اس ضمن میں ڈیمانڈ مینجمنٹ، توانائی کے موثر استعمال اور بچت کے اقدامات کو فروغ دینے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ غیر ضروری کھپت کو کم کیا جا سکے۔محمد اورنگزیب نے مزید بتایا کہ مستحق اور کم آمدنی والے طبقات کیلئے ایک ٹارگٹڈ ریلیف پیکیج تیار کیا جا رہا ہے، جسکا مقصد مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا اور حقیقی ضرورت مند افراد تک سہولیات پہنچانا ہے۔ انہوں نے عوام، ماہرینِ معیشت اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو دعوت دی کہ وہ اپنی تجاویز حکومت کو ارسال کریں تاکہ بہتر اور موثر پالیسی سازی ممکن بنائی جا سکے۔