کراچی (نیوز ڈیسک) ڈیگو گارشیا اڈے پر ایرانی میزائل حملے کا دعویٰ، ایران کی تردید، عالمی کشیدگی میں اضافہ، برطانیہ نے حملے کو’’غیر ذمہ دارانہ‘‘ قرار دیا، ایران نے الزام مسترد کر دیا۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ ایرانی میزائلوں کی پہنچ یورپی دارالحکومتوں تک ہے، امریکی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ نے بحرِ ہند میں واقع امریکی و برطانوی فوجی اڈے ڈیگو گارشیا پر مبینہ ایرانی میزائل حملے کی شدید مذمت کی ہے، تاہم ایران نے اس میں ملوث ہونے کی تردید کر دی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق دو بیلسٹک میزائل داغے گئے جن میں سے ایک راستے میں ناکام ہوا جبکہ دوسرا امریکی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا، مگر واشنگٹن نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ حملہ واقعی ایران نے کیا تو اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے پاس چار ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے میزائل موجود ہیں، جو پہلے ظاہر نہیں کیے گئے تھے، اور اس سے جنگ کا دائرہ اور خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ دوسری جانب برطانیہ نے واضح کیا ہے کہ وہ براہِ راست جنگ میں شامل نہیں لیکن اپنے مفادات اور اہلکاروں کے دفاع کیلئے اقدامات جاری رکھے گا، جبکہ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے میزائل یورپی دارالحکومتوں تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مجموعی طور پر یہ واقعہ ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کو مزید سنگین اور وسیع بنا سکتا ہے۔