• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر زرداری سے مراد شاہ کی ملاقات، سندھ کی صورتحال پر بریفنگ دی

نواب شاہ ( بیورو رپورٹ) _ صدر مملکت آصف زرداری سے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سمیت پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور معززین نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے صدر مملکت کو سندھ کی مجموعی صورتحال پربریفنگ دی، اس موقع پر صدر آصف زرداری نے عوامی نمائندوں کو ہدایت کی کہ عوامی بھلائی کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائےاور اپنی صلاحیتیں ملک کی ترقی کیلئے وقف کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو سہولتیں فراہم انکے مسائل دہلیز پر حل اور ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرائیں۔ زرداری ہاؤس میں نماز عید کے بعد وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی قیادت میں صوبائی وزراء کے وفد سے ملاقات میں صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے ہم انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ لوگ پیپلز پارٹی سے والہانہ محبت کرتے اور ووٹ دیتے ہیں انکا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں کو عوام کے ساتھ رابطے میں رہنا اور انکی خبر گیری کرنا چاہیے۔ ادھر صدر مملکت سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزراء ضیاء الحسن لنجار، شرجیل انعام میمن، جام خان شورو، علی حسن زرداری، اسماعیل راہوصوبائی اسمبلی کے ارکان ڈاکٹر بہادر ڈاہری، شیر محمد مغیری،جاوید اقبال غلام قادر چانڈیو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے ملاقات کی اور عید کی مبارک باد پیش کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی وزیراعلی سندھ صوبہ وزراء اور پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکنوں سے بھی ملاقات میں انہیں عید کی مبارکباد دی اس موقع پر صوبائی وزراءنے اپنے حلقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے بارے میں صدر مملکت آصف علی زرداری کو اگاہ کیا۔ قبل ازیں صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما غلام سرور انڑ حاجی نور احمد لاکھو اور نظر محمد انڑ کے صاحبزادے کی وفات پر ان کے گھروں پر جا کر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ صدر اصف علی زرداری نے نماز عید زرداری ہاؤس میں ادا کی اور عوام میں گھل مل گئے۔ اس سے قبل انہوں نے ملاقات کے لیے انے والے کارکنوں اور پارٹی رہنماؤں سے خوشگوار موڈ میں گپ شپ کی۔
اہم خبریں سے مزید