کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام سے شہریوں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا، بارش کے بعد ٹوٹی سڑکوں اور گندے پانی نے شہریوں کا جینا محال کر دیا، کئی مقامات پر گاڑیاں کھڈوں اور نالوں میں گرنے سے برباد ہوگئیں، عید کے دوسرے روز تفریحی مقامات پر عوام کا ہجوم رہا جسکے باعث شاہراہِ فیصل اور سپر ہائی وے پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، ٹریفک پولیس شدید دباؤ کے باوجود روانی بحال کرنے میں مصروف ہے، شہری گھنٹوں ذہنی اذیت کا شکار ہے۔تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے دوسرے روز شہریوں کی بڑی تعداد نے تفریح کی غرض سے اپنے اہل خانہ اور دوست احباب کے ساتھ شہر کے مختلف مقامات پر واقع فوڈ سینٹرز اور تفریحی مقامات کا رخ کیا جن میں سہراب گوٹھ فوڈ سینٹر، سپر ہائی وے فوڈ ایریا، راشد منہاس روڈ، برنس روڈ، کلفٹن، چڑیا اور دیگر شامل ہیں۔ شہریوں کا بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکلنے کے باعث سپر ہائی وے، شاہراہ فیصل، راشد منہاس روڈ، یونیورسٹی روڈ اور دیگر سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہنے کے باعث شہریوں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا،ٹریفک پولیس کاکہنا ہےکہ عید کے باعث شہرکی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بہت زیادہ ہے تاہم ٹریفک پولیس کے اہلکار ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کیلئے مسلسل کوششیں کررہی ہے۔