کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے تمام مکاتب فکر کےممتاز علماء کرام نے پاک افغان جنگ بندی میں توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین موجود حل طلب معاملات کو سنجیدگی، بردباری اور باہمی اعتماد کے ساتھ مذاکرات اور مشترکہ جدوجہد کے ذریعے حل کیا جائے، مفتی تقی عثمانی، مفتی منیب الرحمنٰ، مولانا انوار الحق، مولانا محمد حنیف جالندھری،مولانا عبدالمالک،مولانا یاسین ظفر سمیت دیگر اکابرین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات محض ہمسائیگی تک محدود نہیں بلکہ یہ دینی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں اس لیے باہمی معاملات کوجنگ سے نہیں بلکہ بات چیت سے حل کرنا چاہیے،انہوں نے افغان حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب، چین اور دیگر دوست ممالک کی جانب سے پاکستان اور افغانستان کے مابین امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔