کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلشن معمارپولیس نے پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث و مطلوب سندھ کے ڈاکو کوگرفتارکرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے 27 اکتوبر کو ساتھیوں کے ہمراہ پولیس چوکی بقا پور (لاڑکانہ) پر اپنے ساتھی کو چھڑوانے کے لئے حملہ کرکے چوکی انچارج بقا پور مشتاق احمد تنیو کو شہید کرکے ملزمان نے اپنے مطلوب ساتھی کامران عرف صدام کو چھڑوا لیا تھا ،واقعہ کا مقدمہ ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کے تھانہ دڑی سٹی میں درج ہے جس میں ملزم اشتہاری اور مطلوب ہے، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم گلشن معمار کے علاقے ہندو گوٹھ میں شاہ ایران نامی شہری کو واردات کا نشانہ بنا کر فرار ہوا تھا،پولیس نے اطلاع ملنے پر تعاقب کے بعد مطلوب ملزم اظہر علی عرف اظہرو ولد ممتاز کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے اسلحہ، چھینے گئے 3 موبائل فونز، دو والٹ اور نقد رقم برآمد کرلی گئی،گرفتارملزم نے انکشاف کیا کہ اس کا گینگ 10 ملزمان پر مشتمل ہے جو قتل، اغواء برائے تاوان اور متعدد ڈکیتی کے واقعات میں ملوث ہیں،گرفتارملزم قبل ازیں بھی سال 2020 اور2021 میں تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سے گرفتار ہوکر جیل جاچکا ہے۔