کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں میں دو ملزمان کو ہلاک، 2 کو زخمی اور ایک خاتون سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا ، تفصیلات کے مطابق سچل پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سچل موڑ ایف گارڈن وکیل سوسائٹی اسکیم 33 سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی 24 سالہ سیف اللہ اور عتیق زاہد اور عفان ظفر کو گرفتار کر کے پستول ، موبائل فونز ، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی، سائیٹ سپر ہائی وے پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سپرہائی وے چاکر ہوٹل فقیرا گوٹھ اجمیر ٹاور کے قریب مبینہ مقابلے میں 40 سالہ قیصر خان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون اور کیش رقم برآمد کی ، ساتھی موقع سے فرار ہوگیا ، خواجہ اجمیر نگری پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب نارتھ کراچی سیکٹر 2 میں مبینہ مقابلے میں 2 ملزمان کو ہلاک اور ان کی ساتھی خاتون کو گرفتار کر لیا ، ایس ایچ اوبتایا ہے کہ مارے جانے والے ڈاکوؤں کی عمرین 38 اور 40 سال کے قریب معلوم ہوتی ہیں ، مقابلے کے دوران پولیس کانسٹیبل 30 سالہ فہد ولد محمد وکیل گاڑی کی ٹکر سے ٹانگ میں چوٹ لگنے سے زخمی ہوا، مارے جانے والے ڈاکوؤں سے دو پستول ، موبائل فونز ، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ،تاہم ان سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے شناخت کی جا سکے۔