کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ سید علی خامنہ ای اور ان کے رفقا کی شہادتیں دور حاضر کا عظیم سانحہ ہے ، حکومت اسیروں کو خیر سگالی کے جذبے کے تحت رہا کرے،پاکستان کی جانب سے ایران پر امریکا اور اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کے تدارک اسلامی ممالک کے مابین مسائل کے حل اور خطے میں پائیدار امن کے لیے ادا کیا جانے والا کردار خوش آئند ہے، سید علی خامنہ ای کی شہادت کے واقعے کے بعد پاکستان میں پیدا شدہ صورتحال پر اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر حل نکالنے کی ضرورت ہے، شیعہ علما کونسل پاکستان کی مجلس عاملہ کے ہنگامی اجلاس سے اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ شہادتوں کے تناظر میں پاکستان میں احتجاج،غمزدہ عوام کا جائز حق تھا تاہم ان مظاہروں میں پرتشدد اور املاک کو نذر آتش کرنے جیسے واقعات آزادانہ،غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کے متقاضی ہیں ، حکومت اسیروں کو خیر سگالی کے جذبے کے تحت مقدمات ختم کرکے فی الفور رہا کرے، انہوں نے کہا کہ رہبر معظم کی شہادت جہاں رنج و غم کا سبب ہے وہیں اس عظیم قربانی سے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں مذہبی و سیاسی اتحاد و وحدت کی فضا قائم ہوئی ہے اس لیے جذبات سے بالاتر ہو کر وطن عزیز پاکستان کی بقا و ترقی کے لیے قومی ذمہ داری، مذہبی ہم آہنگی اور یگانگت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، اس موقع پر شیعہ علما کونسل پاکستان کی مجلس عاملہ کے اراکین نے متفقہ طور پر یہ بات زور دیکر کہی کہ وطن عزیز پاکستان ہماری شناخت اور ہماری عزت و وقار ہے جس کی حفاظت ہمارا فرض اور ملک میں بدامنی کا خاتمہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔