• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزاد اکبر کے گھر پر حملے کی تحقیقات: آٹھویں ملزم پر فردِ جرم عائد

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) شہزاد اکبر کے گھر پر حملے کی تحقیقات: آٹھویں ملزم پر فردِ جرم عائد، ڈیلن مارٹن پر ناجائز اسلحہ رکھنے اور انسانی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی سازش کے الزامات۔ تفصیلات کے مطابق سابق پاکستانی حکومت کے وزیر شہزاد اکبر پر حملے کے لیے کیمبرج میں ان کے گھر تک لے جائی جانے والی گاڑی کرائے پر لینے والے مشتبہ شخص پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ اس ملزم کا نام ان سات دیگر افراد کے ساتھ شامل ہو گیا ہے جن پر گزشتہ سال کرسمس کے آس پاس میجر (ریٹائرڈ) عادل راجہ اور شہزاد اکبر کو نشانہ بنانے کی سازش کے الزامات ہیں۔ ڈیلن مارٹن (33 سالہ) اولڈ بیلی کی عدالت میں پیش ہوئے، جہاں ان پر شہزاد اکبر کے گھر کو آگ لگانے کی سازش میں حصہ لینے اور فائرنگ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے۔ ڈیلن مارٹن پر اسلحہ رکھنے اور آتش زنی کی دو ایسی سازشوں کے الزامات ہیں جن کا مقصد جان بوجھ کر یا لاپروائی سے انسانی زندگی کو خطرے میں ڈالنا تھا۔ شہزاد اکبر کے گھر پر حملے کے سلسلے میں پہلے سے چارج کیے گئے دوسرے شخص ڈونیٹو برائمر (21 سالہ) ہیں، جن کا تعلق شمالی لندن کے علاقے ووڈ گرین سے ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ وہی شخص تھے جن کے ہاتھ میں (آگ لگانے کے لیے) جلتا ہوا چیتھڑا یا کپڑا تھا۔ نیو ایئر ایو (سالِ نو کی شام) پر ہونے والے اس حملے میں شامل تیسرے شخص یعنی مسلح حملہ آور کی شناخت تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے اور خدشہ ہے کہ وہ مفرور ہے۔ ڈیلن مارٹن کے خلاف عائد کیے گئے الزامات گزشتہ سالِ نو کی شام (نیو ایئر ایو) کے اس واقعے سے متعلق ہیں، جب ایک کار چلا کر مرزا شہزاد اکبر کے کیمبرج میں واقع گھر پر لائی گئی تھی۔ شہزاد اکبر پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان (جو اس وقت جیل میں ہیں) کی کابینہ کے رکن رہ چکے ہیں۔ مارٹن، جس پر الزام ہے کہ اس نے وہ کار کرائے پر لی تھی جو اس سازش میں استعمال ہوئی، اسے 5 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا۔

اہم خبریں سے مزید