• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری کے انفرااسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے، میئر کراچی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے لیاری ٹاؤن میں 40 کروڑ روپے کی لاگت سے مرزا آدم خان روڈ کی تعمیر و بحالی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے پر تقریباً 5 ارب روپے لاگت آئے گی ، لیاری کے انفرااسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے ،اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ایم پی اے یوسف بلوچ،جنرل سیکریٹری کراچی ڈویژن رؤف ناگوری، کے ایم سی سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی سمیت دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں مرزا آدم خان روڈ کی تعمیر و مرمت کے ساتھ نکاسی آب کے نظام کی بہتری بھی شامل ہے، پیکیج 3 کے تحت سڑک اور ڈرینیج کے جدید کاموں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے،منصوبے کے تحت گارڈن سےماری پورروڈ تک سڑک کی بحالی کو ضلع جنوبی میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے، 4.48 کلومیٹر طویل ڈوئل کیرج وے سڑک تعمیر کی جائے گی، 4.61 کلومیٹر طویل ڈرینیج لائن کی تنصیب بھی منصوبے میں شامل ہے، پسماندہ علاقوں کی ترقی اولین ترجیح ہے، 30 جون سے قبل پانی کے مسائل حل کرنے کے لیے اس منصوبے کو مکمل کر لیا جائے گا،میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپنسر آئی اسپتال کی بحالی پر بھی کام جاری ہے اور اپریل سے وہاں او پی ڈی کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا، آنکھوں کے آپریشن سمیت تمام سہولتیں مفت فراہم کی جائیں گی، منشیات کے عادی افراد کے خلاف جلد بڑا کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید