کراچی(طاہر عزیز/اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر میں تین مقامات پرزمین حاصل کرنے کے بعد نئےماڈل قبرستانوں کےقیام کا آغاز کر دیا،میئر سیکریٹریٹ کے مطابق قیوم آباد سے کورنگی کراسنگ جاتے ہوئے دائیں طرف ملیر ندی بند کے ساتھ 10ایکڑ زمین بورڈ آف ریونیو نے کے ایم سی کے حوالے کردی ہے جس پر کےایم سی محکمہ قبرستان نے کام شروع کر دیا ہے،ذرائع نے بتایا کہ اتنی ہی زمین ڈی ایچ اے کو بھی قبرستاں کے لئے دی گئی ہے، دوسرا ماڈل قبرستان 6 بی نیو کراچی میں 17ایکڑپر تعمیر کیا جائے گا، اس زمین پر قبضہ اور تجاوزات تھیں جنہیں میئر کراچی کی ہدایت پرچند دن پہلے خالی کرالیا گیاہے،تیسرے ماڈل قبرستان کےلئے 13ایکٹر جگہ ناردرن بائی پاس پر مختص کی گئی ہےتینوں ماڈل قبرستانوں پر 40کروڑ روپے اخراجات کا تخمینہ ہے یہ اسکیمیں پرونشل اے ڈی پی فنڈ سے مکمل کی جائیں گی، کے ایم سی ذرائع نے بتایا کہ ٹینڈر کا پروسس شروع کر دیا گیا ہے،میئر کراچی کی ہدایت پر انہیں تر جیحی بنیاد پر مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ شہر میں موجود ہ قبرستان بھر جانے سے تدفین میں آنے والی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔