کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت تمام اسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار اور شہریوں کو معیاری طبی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، اسپنسر آئی اسپتال تزئین و آرائش کے کے بعد 6 اپریل کو کھول دیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اسپنسر آئی اسپتال میں جاری ترقیاتی، مرمتی اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا تفصیلی معائنہ اور متعلقہ حکام کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کیا،میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار محکمہ صحت میں انقلابی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں اور تمام وسائل شفاف انداز میں استعمال کیے جا رہے ہیں، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مریضوں کی سہولت کے پیشِ نظر طبی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز نے میئر کراچی کو بریفنگ میں بتایا کہ آنکھوں کے امراض کے علاج کے لیے جدید تشخیصی آلات، لیزر ٹیکنالوجی اور ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔