کراچی(اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ حسن ظفر نقوی نے ایرانی غیور قوم کی بے مثال استقامت اور جرات کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہداء کا لہو ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی ایک روشن علامت اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، شہید علی لاریجانی کا مسلم حکمرانوں کے نام خط ایک واضح پیغام جو امت کو بیدار کرنے کے لیے کافی ہے، انہوں نے سوال کیا کہ قبلہ اول کے دعویدار کہاں ہیں جب مسلم خون بہایا جا رہا تھا ، اتحادی عرب ممالک ان جرائم کے برابرکے شراکت دار ہیں ان کا دامن بھی بے گناہوں کے خون سے رنگین ہے،ایران کے خلاف ان کی خاموشی ظلم کے تسلسل کو مزید تقویت دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ مسلم ممالک کے عوام اپنے حکمرانوں سے ان کی خیانت کا احتساب کریں،انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیاکہ ملک سے امریکی اثر و رسوخ کا خاتمہ ، امریکی سفارتخانوں کو بند اور سفیروں کو ملک بدر کیا جائے،ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ خطہ میں جہاں جہاں امریکی و اسرائلی جارحیت ہوگی مظلوم اقوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ہر سطح پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے، حق اور سچ کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، اور بالآخر ظلم کا نظام اپنے انجام کو پہنچ کر رہے گا۔